پنجاب میں چاروں طرف دھند کا راج ہے، شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے نے پیش نظر مختلف مقامات سے موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون برہان تا پشاور تک، موٹروے ایم 2 ٹھوکرنیاز بیگ تا چکری انٹرچینج تک اور موٹروے ایم3فیض پور تا درخانہ تک دھند کے باعث بند کردی گئی۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں تا شیرشاہ تک، ایم5 روہڑی سے ملتان تک, لاہور سیالکوٹ, ایم11، موٹروے ایم14 تھٹّی کلراں سے عیسٰی خیل تک اور سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان انٹر چینج سے کاٹلنگ تک دھند کی وجہ سے بند رہے گی۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ سکھر شہر اور گرد و نواح کے علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے جو کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہو سکتی ہے۔
موٹر ویز سینٹرل ریجن ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، تیز رفتاری نہ کریں، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
پنجاب میں دھند نے سب دھندلا دیا، موٹروے جانے والے ہوشیار رہیں



