کراچی : ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کے گن مین کی جانب سے گزشتہ روز رامسوامی میں عوام کے سامنے کی گئی ہوائی فائرنگ کے معاملے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
گزشتہ روز رامسوامی کے علاقے میں ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت پر لیاقت محسود کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد اس کے گن مین کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی سٹی نے بتایا ہے کہ ملزم کی شناخت معراج کے نام سے ہوئی ہے جبکہ لیاقت محسود کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ رامسوامی ڈمپر حادثے کے دو مقدمات گارڈن تھانے میں درج کر لیے گئے ہیں۔ ڈمپر کی ٹکر سے شاہ زیب نامی کوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ گارڈن تھانے میں متوفی کے والد شاہد کی مدعیت ڈمپر ڈرائیور نیاز ولد افضل خان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
جس کے بعد سماجی کارکن عبدالقادر کی مدعیت میں ڈمپر ایسوسی ایشن کے سربراہ لیاقت محسود کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں قتل بالسبب، غفلت اور لاپروائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسرا مقدمہ سماجی کارکن عبدالقادر کی مدعیت میں ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود اور 20 سے 25 نامعلوم مسلح افراد کے خلاف درج ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں موٹرسائیکل سوار شاہ زیب جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوئی اور حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی تھی۔
مزید پڑھیں : لیاقت محسود کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری منظور
اس کے علاوہ ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے کیس میں سیشن جج عدالت نے لیاقت محسود کی ضمانت قبل ازوقت گرفتاری منظور کرلی ہے۔ عدالت نے ملزم کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کو مقدمے کی تحقیقات میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔



