لاہور : کالج روڈ کے قریب ہاسٹل کے باہر ایک شخص کی جانب سے یونیورسٹی طالبہ پر تشدد کرنے کی وائرل ویڈیو کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق طالبہ پر تشدد والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لے لیا۔
پولیس کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف تھانہ ٹاؤن شپ میں سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے خواتین اور بچوں پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا جبکہ کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بچوں اور خواتین کے تحفظ کے لیے پولیس متحرک ہے اور شہری ایسے واقعات فوری طور پر پولیس کو رپورٹ کریں۔



