کراچی : ڈسٹرکٹ ملیر جیل سے مبینہ طور پر ایک قیدی کے فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، اس سے قبل گزشتہ سال جون میں بھی 225 قیدی فرار ہوگئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر کی جیل سے قتل اور اغوا میں ملوث قیدی لاپتہ ہوگیا، ملیر جیل میں آج تقریب کے بعد گنتی کی گئی تو ایک قیدی کم نکلا۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں، ملزم نوید عرف پولکا کو چند روز قبل ہی جوہر آباد پولیس نے گرفتار کیا تھا، ملزم کی نشاندہی پر ایک مغوی کی لاش بھی برآمد کی گئی تھی۔
ملزم نوید نے ریحان نامی تاجر کو اغوا کے بعد قتل کیا تھا، یاد رہے کہ گزشتہ سال ملیر جیل سے 225 قیدیوں کے فرار کے بعد سیکیورٹی بڑھائی گئی تھی۔
جیل انتظامیہ نے نئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا دعویٰ بھی کیا تھا، پولیس ذرائع کے مطابق 3 گھنٹوں سے جیل کی سرچنگ جاری ہے، تاہم قیدی کے بارے میں تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ مفرور قیدی نوید ماضی میں صحافی ولی بابر قتل کیس کے الزام میں بھی گرفتار ہوا تھا، ولی بابر قتل کیس میں ملزم عدم شواہد پر بری ہوا تھا۔
رپورٹ کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات، ڈی آئی جی اور ملیر جیل حکام مذکورہ قیدی کے فرار کے معاملے پر بات کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
ملیر جیل سے 225 قیدیوں کے فرار کی تحقیقات مکمل، بڑی وجہ سامنے آگئی



