(13 مارچ 2026): بھارتی ریاست آگرہ کے علاقے فتح پور میں شوہر کے موبائل فون چھیننے سے دلبرداشتہ حاملہ بیوی نے انتہائی قدم اٹھا لیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق حاملہ خاتون کی شناخت انجلی کے نام سے ہوئی جس نے شوہر سے موبائل فون کے معاملے پر ہونے والے تنازع کے بعد خود کو پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق جمعرات کی سہ پہر تقریباً 3 بجے اطلاع ملی کہ ایک خاتون کی گھر سے پھندا لگی لاش ملی ہے، جب پولیس موقع پر پہنچی تو لاش کو پھندے سے اتار کر کمرے میں رکھا گیا تھا، اس وقت گھر میں ایک 70 سالہ بزرگ خاتون کے علاوہ کوئی دوسرا شخص موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شوہر بیوی کو جوئے میں ہار گیا
ابتدائی تحقیقات اور اہل خانہ کے بیانات سے معلوم ہوا کہ انجلی اور اس کے شوہر نریش بنجارہ کے درمیان اکثر موبائل فون کے استعمال پر تکرار رہتی تھی، شوہر پیشے سے مہندی آرٹسٹ ہے جو کام پر جاتے وقت اپنا موبائل فون ساتھ لے جاتا تھا جبکہ انجلی فون اپنے پاس رکھنے کی ضد کرتی تھی۔
جمعرات کی صبح بھی اسی بات پر دونوں کے درمیان سخت تلخی ہوئی۔ شوہر غصے میں اپنا بیگ لے کر کام پر چلا گیا، تاہم اس بار وہ اپنا موبائل فون گھر پر ہی چھوڑ گیا تھا۔ شوہر کے جانے کے کچھ ہی دیر بعد بیوی نے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔
انجلی کے دیور نے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ شمش آباد میں ایک شادی کی تقریب میں گیا ہوا تھا کہ گھر سے بھابھی کی خودکشی کی اطلاع ملی۔
پڑوسیوں کے مطابق انجلی حاملہ تھی اور گزشتہ کچھ عرصے سے جسمانی تکلیف کے باعث ادویات بھی لے رہی تھی، اہل خانہ اسے علاج کیلیے مختلف جگہوں پر بھی لے کر گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق انجلی کی شادی کو ابھی محض ایک سال ہوا تھا، وہ فیروز آباد کے علاقے نگلا رودر کی رہنے والی تھی، میکے والوں کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی۔



