ریاض : سعودی عرب کے فرماں رواں شاہ سلمان نے نیا شاہی فرمان جاری کردیا ہے جس کے تحت نئے مفتی اعظم کا تقرر کردیا گیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب میں مفتی اعظم کا تقرر کردیا۔
رپورٹ کے مطابق شاہی فرمان کے تحت شیخ ڈاکٹر صالح الفوزان کو مفتیِ اعظم مقرر کردیا گیا شیخ صالح الفوزان ہیئتِ کبارالعلما(کونسل آف سینئرعلما)کے چیئرمین بھی نامزد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شیخ صالح الفوزان ادارہ برائے علمی تحقیق و افتا کے صدر بھی ہوں گے۔
یاد رہے کہ منگل 23 ستمبرکو سعودی عرب کے مفتی اعظم اور سینیئر علما کونسل کے سربراہ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ انتقال کر گئے تھے۔
1999میں شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کو متفی اعظم کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہوں نے مملکت میں اعلیٰ ترین مذہبی اسکالر کے طور پر خدمات انجام دیں، شریعت کی تشریح اور قانونی اور معاشرتی امور پر فتوے جاری کیے۔
مزید پڑھیں : سعودی عرب کے اہم چوراہوں اور مقامات کے نام تبدیل
یاد رہے کہ اس سے قبل جاری کیے جانے والی شاہی فرمان میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض شہر کے 15 اہم چوراہوں اور مقامات کے نام مملکت کے سابق آئمہ اور بادشاہوں پر رکھنے کا حکم دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ تجویز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انہیں دی تھی جس کی منظوری دیتے ہوئے گزشتہ روز شاہ سلمان نے شاہی احکامات جاری کردیے۔



