دمبولا: سری لنکا نے پاکستان کیخلاف 14 سال بعد اپنی سرزمین پر ٹی20 میچ جیت لیا، تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ٹی20 میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان کے نام رہا، گرین شرٹس سرتوڑ کوشش کے باوجود 161 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکے، سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے ہرادیا، سری لنکا نے پاکستان کیخلاف 14 سال بعد اپنی سرزمین پر کوئی ٹی20 مقابلہ جیتا۔
اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، پاکستان 161 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر146 رنز بناسکا۔
کپتان سلمان علی آغا نے نہایت جارحانہ اننگز کھیلی انھوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر جارحانہ 45 رنز بنائے جو رائیگاں گئے، محمد نواز 28 اور خواجہ نافع 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی طرف سے وینندو ہسارنگا نے 4 اور پتھیرانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، بارش کے سبب میچ 12 اوورز تک محدود کیا گیا تھا جو کہ ڈھائی گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔
وینندو ہسارنگا کو میچ میں بہترین بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی ان کے حصے میں آیا۔
سری لنکن ٹیم نے اس سے قبل پہلے کھیل کر 12 اوورز میں بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجاتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے، کپتان داسن شناکا نے 9 گیندوں پر 34 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ جانتھ لیاناگے نے 8 گیندوں پر 22 رنز بنائے جبکہ مینڈس نے 30، ڈی سلوا نے 22 اور اسالنکا نے 21 رنز بناکر اپنا حصہ ڈالا۔
پاکستانی کی طرف سے محمد وسیم جونیئر نے 54 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
دریں اثنا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی 20 میں ٹاس جیت کر مہمان ٹیم نے پہلے میدان سنبھالنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا میچ بارش کے باعث 12، 12 اوورز تک محدود کیا گیا، تیسرے ٹی ٹوئنٹی کےلیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ اور نوجوان وکٹ کیپر بیٹر خواجہ نافع کو ٹیم میں شامل کیا گیا، کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ خواجہ نافع ڈیبیو کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔
’آج کے میچ سے نظر آتا ہے پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرے گی‘



