spot_img

ذات صلة

جمع

مارکیٹیں کتنے بجے بند ہوں گی؟

حکومت نے ایندھن کی بچت پالیسی کے تحت مزید...

بنوں میں بارود سے بھری گاڑی پولیس اسٹیشن سے ٹکرا گئی

بنوں میں بارود سے بھری گاڑی ڈومیل پولیس اسٹیشن...

بیرسٹر گوہر کے نام پر ہیکرز نے 5 لاکھ روپے لوٹ لیے

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے نام پر...

’موٹر سائیکل سواروں کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی‘

وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے...

سال 2025 : بالی ووڈ کی 5 بڑی فلمیں باکس آفس پر کیوں ناکام ہوئیں؟

سال 2025 کا اختتام بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے لیے مجموعی طور پر خاصا یادگار اور مشکل رہا، ایک طرف سیارا اور دھرندھر جیسی فلموں نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے، تو دوسری جانب مہنگی فلموں نے فلم سازوں کو مایوس کیا۔

حال ہی میں 5دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’دُھرندھر‘نے باکس آفس نہ صرف شاندار بزنس کیا بلکہ کئی ریکارڈ بھی توڑ ڈالے۔ ان فلموں نے ثابت کیا کہ اگر کہانی اورکرداروں میں دم ہو تو فلمی شائقین آج بھی بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رخ کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ کئی بڑی مہنگے بجٹ اور سپر اسٹارز کی فلمیں شائقین کو متاثر کرنے میں بری طرح ناکام رہیں، بھرپور اور زبردست تشہیر کے باوجود یہ فلمیں کمزور کہانیوں، منفی تبصروں اور ناظرین کی عدم دلچسپی کیا شکار ہوگئیں۔

زیر نظر مضمون میں 2025 کی ان 5 بڑی فلموں کے بارے میں بتایا گیا ہے جنہوں نے باکس آفس اور بالی ووڈ انڈسٹری کو سوچنے پر مجبور کردیا۔

اگرچہ فلم ’دُھرندھر‘ کی کہانی اور پس منظر پر آرا مختلف رہیں، تاہم سب سے زیادہ پذیرائی رنویر سنگھ کے بجائے اکشے کھنہ کے حصے میں آئی، جو اس وقت سوشل میڈیا پر غیر معمولی طور پر وائرل ہیں۔ ان کے انداز، ڈانس مووز اور اسکرین پریزنس نے نوجوانوں سے لے کر ناقدین تک سب کو متاثر کیا۔

اس فیچر میں ہم صرف ہٹ یا فلاپ فلموں کا جائزہ نہیں لیں گے بلکہ ان مناظر، گیتوں اور کرداروں پر بات کریں گے جو 2025 میں انٹرنیٹ پر طوفان بن کر ابھرے، ساتھ ہی بڑی ناکامیوں اور غیر متوقع کامیابیوں کا بھی احاطہ کریں گے۔

وار ٹو : جب جاسوسی کا جادو ٹوٹ گیا

ریتک روشن اور جونیئر این ٹی آر کو ایک ہی فریم میں دیکھنے کا خواب شائقین کے لیے کسی تہوار سے کم نہ تھا۔ یش راج فلمز کے اسپائی یونیورس کی یہ قسط، آیان مکھرجی کی ہدایت کاری میں تقریباً 400 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ میدان میں اتری۔

فلم نے باکس آفس پر اچھا آغاز کیا مگر کمزور اسکرپٹ اور فرنچائز سے اکتاہٹ نے اس کی رفتار کم کردی۔ تقریباً 360 سے 400 کروڑ کی کمائی کے باوجود یہ فلم اپنی لاگت بھی پوری نہ کرسکی اور سال کی سب سے بڑی ناکام فلموں میں شمار ہوئی۔

سکندر : سلمان خان کا جادو بے اثر

عید پر سلمان خان کی فلم آنا ہمیشہ کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا مگر اب سکندر نے اس روایت کو توڑ دیا۔ اے آر مروگادوس کی ہدایتکاری اور رشمیکا مندانا کی موجودگی کے باوجود فلم کا جادو چند دن میں ہی ختم ہوگیا۔

منفی ریویوز اور کمزور کہانی نے شائقین کو سینما گھروں سے دور رکھا اور تقریباً 200 کروڑ کے بجٹ والی یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی۔

ایمرجنسی : شائقین کو قائل نہ کرسکی

کنگنا رناوت کی ہدایتکاری، پروڈکشن اور اداکاری سے سجی یہ فلم، اندرا گاندھی کے ایمرجنسی دور پر مبنی تھی۔ اس کی ریلیز سے پہلے بھرپورتشہیر کی گئی مگر جواب میں سینما گھروں میں خاموشی چھا گئی۔

تقریباً 50 کروڑ کے بجٹ میں بنی یہ فلم محض 22 کروڑ کے قریب کمائی کر سکی، اور ثابت ہوا کہ متنازع موضوع ہمیشہ باکس آفس کامیابی کی ضمانت نہیں بنتا۔

باغی فور: ایکشن زیادہ، جان کم

ٹائیگر شیروف کی ایکشن فرنچائز سے شائقین کو بہت امیدیں تھیں، مگر باغی فور نے سب سے کمزور کارکردگی دکھائی۔

خطرناک اسٹنٹس اور تیز رفتار مناظر کے باوجود، حد سے زیادہ تشدد اور کمزور کہانی نے فلم کو نقصان پہنچایا، نتیجہ یہ نکلا کہ یہ فرنچائز کی سب سے بڑی مایوسی بن گئی۔

ہاؤس فل فائیو : ہنسی کی تکرار نے نقصان کردیا

اکشے کمار کی مشہور کامیڈی فرنچائز ایک بار پھر واپس آئی، مگر وہ تازگی نہ لا سکی جو شائقین چاہتے تھے۔ 225 سے 240 کروڑ کے بجٹ میں بنے والی یہ فلم معقول کمائی کے باوجود منافع نہ کما سکی۔ پرانا فارمولا، وہی مذاق اور ناظرین کی اکتاہٹ نے اسے اوسط مگر خسارے والی فلم بنا دیا۔

2025کی ناکام فلموں سے کیا سیکھا؟

سال 2025 نے بالی ووڈ انڈسٹری کو واضح پیغام دے دیا کہ اب صرف بڑے نام، بھاری بجٹ اور فرنچائزز کامیابی کی ضمانت نہیں۔ شائقین اب تازہ کہانی، مضبوط اسکرپٹ اور پیسے دینے کا پورا مزہ چاہتے ہیں۔

اب سوال یہ ہے کہ سال2025کی کون سی فلم کی ناکامی نے آپ کو سب سے زیادہ حیران کیا؟ اور اس کی کیا وجہ ہے؟ کمنٹ میں رائے کا اظہار کریں۔

spot_imgspot_img