برائٹن : برطانیہ میں چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں بڑی عمر کا ایک شخص تھانے میں داخل ہوا اور کہا کہ میں نے دو افراد کو قتل کردیا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں ایک ریٹائرڈ 67 سالہ شخص اس وقت خبروں کی زینت بن گیا جب وہ پرسکون انداز میں پولیس اسٹیشن میں داخل ہوا اور ڈیوٹی پر موجود اہلکار سے کہا کہ میں دو افراد کا قاتل ہوں مجھے گرفتار کرلو۔
اس موقع پر وہاں موجود پولیس اہلکار اس معمر شخص کی صاف گوئی اور اچانک آمد پر حیران رہ گئے۔ یہ واقعہ 9 جون 2023 کو نیو ہیون کے علاقے میں پیش آیا تھا، جس میں میاں بیوی اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔
پولیس کی باڈی کیم ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ 67 سالہ ڈیریک مارٹن برائٹن پولیس اسٹیشن میں آکر اہلکاروں سے مطالبہ کر رہا ہے کہ اسے فوری طور پر گرفتار کرلیا جائے۔
اس کا کہنا تھا کہ اس نے کچھ دیر پہلے اپنی سوتیلی بیٹی 30 سالہ کلوئی بیشفورڈ اور اس کے شوہر 33 سالہ جوش بیشفورڈ کو قتل کر دیا ہے۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ واردات کے بعد مارٹن انتہائی سکون سے بچوں کو اسکول سے لے کر ان کی نانی کے گھر چھوڑ آیا اور پھر خود پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت میں پیش کی گئی پولیس کی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ملزم کس طرح تھانے پہنچا اور کیا کہا۔ ویڈیو میں اہلکار ملزم سے پوچھتا ہے کہ آج کیا ہوا ہے؟ مارٹن جواب دیا کہ پریشانی اور ڈپریشن۔ پھر وہ کہتا ہے کہ میں نے دو لوگوں کو جان سے مار دیا ہے۔
جب اہلکار نے پوچھا کہ کیا اسے ذہنی امراض ہیں تو مارٹن نے کہا کہ ہاں کچھ حد تک۔
پولیس اہلکار نے اس کے دائیں ہاتھ پر زخم دیکھ کر جب اس کی وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ یہ چاقو سے لگا ہے۔
پھر اس نے حیرانی سے کہا کہ مجھے تو فوری گرفتار ہوجانا چاہیے کیونکہ دو لوگ مرچکے ہیں، میں نے دو قتل کیے ہیں۔
استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ مارٹن پہلے مقتولہ کلوئی کی والدہ ایلین اسٹرجز سے شادی کر چکا تھا اور کلوئی اسے اپنا سوتیلا باپ کہتی تھی۔
واردات سے قبل مارٹن نے ادویات لینا بند کردی تھیں اور کئی ہفتوں سے نیند کی کمی اور شدید ڈپریشن کا شکار تھا، وہ صرف ایک یا دو گھنٹے سوتا تھا۔
مارٹن نے اپنے بیان میں عدالت کو بتایا کہ وقوعہ کے روز صبح سوتیلی بیٹی کلوئی سے پیسے کے لین دین پر تلخ کلامی اور جھگڑے کے بعد میں غصے سے پاگل ہو کر بے قابو ہوگیا تھا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مارٹن نے پہلے کلوئی کے سر پر ہتھوڑے کے وار کیے پھر چاقو سے 8 وار کیے۔
بعد ازاں مقتولہ کا شوہر جوش گھر پہنچا تو مارٹن نے اسے زینہ چڑھتے ہوئے چاقو کے چار وار کیے اور گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔
واردات کے بعد ملزم نے مقتولین کے بچوں کو اسکول سے لاکر ان کی نانی کے گھر چھوڑ دیا اور اپنی اہلیہ کو میسج کیا کہ
ایلین مجھے بہت افسوس ہے کہ میں نے یہ کیا کر دیا ہے، جانتا ہوں کہ سب مجھ سے نفرت کرتے ہیں میں بھی خود سے بھی نفرت کرتا ہوں۔ بچوں کا خیال رکھنا، میں پولیس اسٹیشن جا رہا ہوں۔ اب میرا وقت ختم ہوگیا۔
اس کے بعد مارٹن سکون سے خود گاڑی چلا کر برائٹن پولیس اسٹیشن پہنچا اور اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ مقدمے کی مزید سماعت جاری ہے۔



