لاہور : حیدرآباد کنگز مین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، ٹیم نے آخری اوور میں 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں پی ایس ایل کی نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز مین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
حیدرآباد کنگز مین نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے عثمان خان نے شاندار اور ناقابل شکست 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز
میں 187 رنز کے تعاقب میں7 وکٹ پر 184 رنز بنا سکی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 187 رنز کے تعاقب میں 184 رنز بنا کر ہمت ہار گئی، حیدرآباد کنگز مین نے اعصاب شکن مقابلے میں دو رنز سے فتح سمیٹی۔ حنین شاہ نے آخری اوور میں 6 رنز کا بہترین دفاع کیا۔
میچ کے آخری دو اوورز میں زبردست کارکردگی نے شائقینِ کرکٹ کو جھومنے پر مجبور کر دیا اس دوران بلے بازوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے عمدہ شاٹس کھیلتے ہوئے چوکے اور چھکے جڑ دیے۔
ایک موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے گرین کا شاندار چھکا 93 میٹر دور جا گرا جسے میچ کا بہترین شاٹ قرار دیا گیا، ان کی بیٹنگ نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لاکھڑا کیا لیکن یہ چھکا بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکا۔
دوسری جانب حیدرآباد کنز مین کے باؤلرز نے بھی پوری قوت سے مقابلہ کیا، میچ کے آخری اوور میں شاندار یارکرز اور درست لائن و لینتھ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
حیدرآباد کنز مین کے حنین اور دیگر باؤلرز نے دباؤ کے باوجود اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہم وکٹیں حاصل کیں اور رنز کی رفتار کو بڑھنے نہ دیا۔
میچ کے اختتامی لمحات انتہائی سنسنی خیز رہے، جہاں جیت کے لیے آخری گیندوں پر چند رنز درکار تھے تاہم سخت مقابلے کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ اس موقع پر ٹیم کپتان، کھلاڑیوں اور ان کے مداحوں کی خوشی دیدنی تھی، واضح رہے کہ فاتح ٹیم حیدرآباد کنگز مین اتوار کو فائنل میچ میں پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی۔



