کراچی: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکمران سیدھے نہ چلیں تو ہماری ذمہ داری ہے سیدھے راستے پر لائیں۔
کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چاروں صوبوں میں عوام کے امن مارچ ہوں گے، ہم قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کریں گے، ہم پاکستان کی عوام کے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران سیدھے نہ چلیں تو ہماری ذمہ داری ہے سیدھے راستے پر لائیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن مارچ پہلی بار نہیں ہوا، پہلے بھی کئی مارچ امن کیلئے آواز بلند کی، خیبرپختونخوا میں امن نام کی کوئی چیز نہیں، جے یو آئی ہر محاذ پرر عوام کی آواز بن کر ملین مارچ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی ہماری آواز چترال سے تربت کشمور سے کراچی تک بلند ہورہی ہے، انتخابات میں عوام کےمینڈیٹ کوچوری کیاجاتاہے، ہم نے صبر کیا اور سیاسی تحریک جاری رکھی، ہم نے ملک سے لوگوں کو بلایا تو اسلام آبادمکمل قبضے میں ہوگا۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ امت مسلمہ بکھری ہوئی ہے، جب تک ایک دوسرے سے مقابلے کریں گے دنیا ہمیں غلام بنائے گی، لوگوں نے اسلامی کانفرنس سے بڑی توقعات رکھیں ہمیں بڑی توقع نہ تھی، اسلامی دنیا سوچے کہاں کہاں رکاوٹ ہے، ایسے کون سے اختلاف کی خلیج ہے جس کو دور کیا جائے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب کیساتھ اہم دفاعی معاہدہ ہوا ہے، دونوں ممالک اسلامی دنیا کی قیادت کرسکتے ہیں، ہمیں معاہدے پر خوشی ہے۔



