واشنگٹن(6 ستمبر 2025): امریکی سیکریٹری کامرس ہاورڈ لَٹ نِک نے کہا ہے کہ بھارت زیادہ دیر تک واشنگٹن کا دباؤ نظر انداز نہیں کر پائے گا۔
امریکی سیکریٹری کامرس ہاورڈ لَٹ نِک نے جمعہ کو بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ بھارت معافی مانگے گا اور رکے ہوئے تجارتی مذاکرات کو دوبارہ شروع کرے گا۔
بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے امریکی عہدیدار نے کہا کہ میرے خیال میں ایک یا دو ماہ میں بھارت مذاکراتی میز پر آئے گا، وہ معافی مانگیں گے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاہدہ کرنے کی کوشش کریں گے، اور پھر یہ ڈونلڈ ٹرمپ پر منحصر ہوگا کہ وہ مودی کے ساتھ کیسے نمٹنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے امریکا کی حمایت نہیں کی تو اس کی برآمدات پر مزید ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں، بھارت محض دکھاوے کے لیے سخت مؤقف اختیار کر رہا ہے، یہ سب صرف دکھاوا ہے، آخرکار بھارتی کاروباری طبقہ حکومت سے امریکا کے ساتھ ڈیل کا مطالبہ کرے گا۔
ہاورڈ لَٹ نِک نے بھارت پر روسی تیل خریدنے اور ’برکس‘ بلاک کا حصہ بننے پر بھی تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اپنی منڈی کھولنے کے لیے تیار نہیں، روسی تیل لینا بند نہیں کرتا اور برکس کا حصہ رہتا ہے تو پھر اسے 50 فیصد ٹیرف ادا کرنے ہوں گے، یا پھر بھارت ڈالر اور امریکا کی حمایت کرے، دیکھتے ہیں یہ کھیل کب تک چلتا ہے۔



