لاہور : اچھرہ میں جیولری اسکینڈل کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے معاملے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے،۔
ملزم سے متعلق معلومات لیک کرنے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، اچھرہ پولیس نے جن ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا ان میں 2 تھانیداروں سمیت چار اہلکار شامل ہیں۔
مقدمے میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی دفعات شامل ہیں ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ چاروں اہلکاروں نے شیخ وسیم اختر کی گرفتاری سے متعلق معلومات لیک کی تھیں۔
متن کے مطابق ہائی پروفائل کیس سے متعلق معلومات لیک ہونے سے تفتیش کو نقصان پہنچا، چاروں اہلکار ہائی پروفائل کیس کی تفتیش پر مامور تھے۔
اچھرہ جیولری اسکینڈل کے مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان میں اخلاق، عمرحیات، محسن رضا اور جاوید شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے اچھرہ جیولری مارکیٹ میں کروڑوں روپے مالیت کا 20 کلو سونا غبن کرنے کے مقدمے میں ملوث مرکزی ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کے مؤثر استعمال سے عمل میں لائی گئی تھی۔
ڈی ائی جی انویسٹیگیشن لاہور سید ذیشان رضا نے میڈیا کو بتایا تھا کہ گرفتار مرکزی ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، سونا غبن کے حوالے سے تفتیش کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
جیولری شاپ پر بڑی واردات، چور سونے سے بھری تجوری ہی اٹھا کر لے گئے



