واشنگٹن (13 ستمبر 2025): امریکا نے ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی 7 اور یورپی یونین سے بھارت اور چین پر ٹیرف عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق جی 7 ممالک کے وزرائے خزانہ نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران روس پر مزید پابندیاں لگانے اور اُن ممالک پر ممکنہ ٹیرف عائد کرنے پر تبادلہ خیال کیا جنہیں وہ یوکرین میں روس کی جنگ کو سہولت فراہم کرنے والا سمجھتے ہیں۔
کینیڈین وزیر خزانہ فرانسوا-فلپ شیمپین نے جی 7 اجلاس کی صدارت کی جو روس پر یوکرین کے خلاف جنگ ختم کرنے کیلیے دباؤ بڑھانے کے مزید اقدامات پر تبادلہ خیال کیلیے منعقد کیا گیا تھا۔
وزارئے خزانہ نے یوکرین کے دفاع کیلیے منجمد کیے گئے روسی اثاثوں کو استعمال کرنے کے مذاکرات کو تیز کرنے پر اتفاق کیا اور روس پر دباؤ بڑھانے کیلیے متعدد ممکنہ اقتصادی اقدامات، بشمول مزید پابندیاں اور تجارتی اقدامات جیسے کہ ٹیرف پر تبادلہ خیال کیا۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ٹیلی فونک رابطے کے دوران جی 7 ممالک سے کہا کہ وہ روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر ٹیرف عائد کرنے میں امریکا کے ساتھ شامل ہوں۔
اس سے ایک دن قبل امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے جی 7 اور یورپی یونین کے اتحادیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ چین اور بھارت سے آنے والی اشیا پر ٹیرف عائد کریں تاکہ ان پر روس کے تیل کی خریداری بند کرنے کیلیے دباؤ ڈالا جائے۔



